نیویارک،31جولائی(ایس او نیوز/آئی این ایس انڈیا): امریکی سفارت کاروں کی بیدخلی کا حکم روسی صدر ولادیمیر پوٹن کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔ روسی نیوز ایجنسی تاس کے مطابق صدر پوٹن نے امریکی سفارت کاروں کی تعداد اتنی ہی رکھنے کا فیصلہ کیا ہے، جتنی تعداد امریکی دارالحکومت واشنگٹن میں تعینات روسی سفارت کاروں کی ہے۔ روسی صدر کے اس حکم کو امریکا کی جانب سے عائد کی جانے والی نئی پابندیوں کا ردعمل قرار دیا جا رہا ہے۔
اس مناسبت سے روسی صدر نے مقامی نشریاتی ادارے VGTRKکو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ اس بات کا بہت عرصے سے انتظار کیا جا رہا تھا کہ واشنگٹن حکومت ماسکو کے ساتھ اپنے رویے کو بہتر بنائے گی، لیکن حالات میں کوئی تبدیلی پیدا نہیں ہوئی ہے۔ پوٹن نے اپنے انٹرویو میں مزید کہا کہ اب فیصلہ کیا گیا کہ اس صورت حال کا کوئی مناسب اور بھرپور جواب دیا جائے۔ روسی صدر نے امریکا پر مزید روسی پابندیوں کے حوالے سے کہا کہ ایسا ممکن ہے، لیکن وہ ایسی پابندیوں کو عائد کرنے کے مخالف ہیں۔
دوسری جانب امریکی وزارت خارجہ کے ایک اہلکار نے نام مخفی رکھنے کی شرط پر امریکی اخبار واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کہ یہ روسی اقدام انتہائی افسوس ناک اور قابل مذمت ہے۔ اہلکار کے مطابق روس نے امریکی حکام کو بتایا ہے کہ پہلی ستمبر سے ماسکو میں امریکی سفارت خانے میں 455سے زائد امریکی اہلکار موجود نہیں ہونے چاہئیں۔ اہلکار نے واشنگٹن پوسٹ کو بتایا کو اس فیصلے کے اثرات کا جائزہ لینے کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔